لاہور (این این آئی) پاکستانی اداکارہ سحر ہاشمی نے ڈرامہ انڈسٹری میں فنکاروں کو درپیش مسائل پر خاموشی توڑ دی ہے۔ انہوں نے پروڈیوسرز کے غیر پیشہ ورانہ رویے پر سخت سوالات اٹھا دیے ہیں۔
سحر ہاشمی نے گزشتہ دو سے تین برسوں میں ڈرامہ انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے اپنے اداکاری کے سفر کا آغاز ڈرامہ سیریل ظلم سے کیا تھا۔
اداکارہ کو ڈرامہ شیدائی میں کامیابی کے بعد خاصی پذیرائی ملی تھی۔ ڈرامہ زنجیریں میں شہر بانو کے کردار نے انہیں مداحوں میں مزید مقبول بنایا۔
وہ بہت جلد نئے ڈرامے درِ نجات میں خوش بخت کے نوجوان کردار میں نظر آئیں گی۔ سحر ہاشمی نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے معاوضوں کی ادائیگی میں تاخیر کا اہم معاملہ اٹھایا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی فنکار ایک دن تاخیر کرے تو اسے غیر پیشہ ور قرار دیا جاتا ہے۔ جب ادائیگی مہینوں رکی رہتی ہے تو اسے اکانٹس کا مسئلہ کہہ کر ٹال دیا جاتا ہے۔
اداکارہ کے اس موقف نے شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کے حقوق پر ایک نئی بحث چھید دی ہے۔


