کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں رات گئے پولیس نے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائی کی ہے۔ مختلف علاقوں میں پانچ مبینہ پولیس مقابلے ہوئے ہیں۔
ان کارروائیوں کے دوران نو زخمیوں سمیت پندرہ ملزم گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق سرجانی ناردرن بائی پاس کے قریب مقابلے میں دو زخمیوں سمیت سات ملزمان پکڑے گئے۔
اورنگی ٹاؤن بسم اللہ چوک کے قریب مقابلے میں چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ نیو کراچی سیکٹر الیون جے میں پولیس مقابلے کے دوران ایک زخمی سمیت دو ملزمان دھر لیے گئے۔
پوش پاک نگر پولیس نے قبرستان کے قریب فائرنگ کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ایف بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے بھی مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ سامان، ایک رکشہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔


