اسلام آباد (بزنس ڈیسک) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ڈائریکٹر جنرل نے پشاور میں خیبر پختونخوا کے ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبے میں کاروباری ماحول کی بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ اور مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایس آئی ایف سی کی پریس ریلیز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نے کونسل کے کردار اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ شرکاء کو صوبائی حکومت کے اشتراک سے جاری ضابطہ جاتی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
کاروباری نمائندوں نے صوبے میں تاجروں کو درپیش انتظامی مشکلات اور رکاوٹوں سے آگاہ کیا۔ ایس آئی ایف سی حکام نے تحفظات سنے اور مسائل کے حل کے لیے موثر کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔


