اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم یا اسپیکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے، اگر اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک لائے گی تو اسے سہولت فراہم کریں گے۔
پارلیمنٹ کے احاطے میں زیتون کا پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایوان کا کورم مکمل کرنا اسپیکر کی ذمہ داری نہیں، یہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں بہتری آئی اور تمام لوگ موجود تھے، امید ہے کہ کل مزید بہتری آئے گی اور کورم مکمل ہوگا۔ اسپیکر کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا فورم اپنے اپنے علاقوں کے مسائل پر بات کرنے کے لیے ہے، اسے خالی چھوڑنا مناسب نہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں قانون سازی سے متعلق اتحاد کیا ہے، جو اچھی بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے کمیٹیوں سے استعفے انہوں نے ابھی تک قبول نہیں کیے اور ان کی خواہش ہے کہ یہ استعفے قبول نہ کیے جائیں۔


