کراچی: سی سپارک 2026 مشق کراچی میں شروع ہوگئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف نے مشق سے متعلق افتتاحی بریفنگ کی صدارت کی۔
مشق کے دوران پاکستان نیوی کی جنگی تیاریوں کو بھرپور انداز میں آزمایا جائے گا، جبکہ روایتی اور ابھرتے ہوئے بحری خطرات سے نمٹنے کے لیے بحریہ کی صلاحیتوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
سی سپارک 2026 مشق میں بحری جہاز، آبدوزیں، طیارے اور بغیر پائلٹ نظام حصہ لے رہے ہیں۔ میرینز اور اسپیشل فورسز سمیت پاک آرمی اور پاک فضائیہ کے دستے بھی مشق کا حصہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران میری ٹائم، فضائی، زمینی، سائبر اور خلائی صلاحیتوں کا مربوط استعمال کیا جائے گا۔ مشق کا مقصد ملٹی ڈومین آپریشنز کی تربیت اور مختلف شعبوں میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنا ہے۔
مشق میں انفارمیشن ماحول میں آپریشنز پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ نیول چیف نے سکیورٹی ماحول میں تبدیلی کے پیش نظر مؤثر جنگی تیاری برقرار رکھنے پر زور دیا۔
نیول چیف نے تینوں مسلح افواج کے درمیان مربوط تعاون مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے فزیکل اور انفارمیشن ڈومینز میں مؤثر کارروائیوں کی صلاحیت برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔



