اے آئی کی تیار کردہ علامتی تصویر
(قصور، صورتِ حال، نیوز ڈیسک) ایم ڈی واسا قصور عدنان گل کی زیرصدارت ریونیو، بلنگ، بقایاجات کی وصولی اور نکاسی آب سے متعلق اجلاس میں واسا بلوں کی ریکوری 100 فیصد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے ریونیو، فیلڈ آپریشنز اور ڈی سیلٹنگ کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں واجب الادا بلز، ریکوری کی صورتحال، فیلڈ آپریشنز اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ عدنان گل نے فیلڈ ٹیموں کو بقایاجات کی وصولی کے لیے مزید متحرک کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ بلنگ کے نظام میں شفافیت، درستگی اور بلوں کی بروقت ترسیل یقینی بنائی جائے، جبکہ نادہندگان کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے۔ ان کے مطابق شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ بھی یقینی بنایا جائے۔
ایم ڈی واسا نے نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے، ڈسپوزل اسٹیشنز، سیوریج لائنوں اور ڈرینز کی مسلسل مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بارش کی صورت میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فیلڈ ٹیمیں الرٹ رہیں اور سیوریج لائنوں و نالوں میں رکاوٹوں کی فوری نشاندہی کرکے صفائی کی جائے۔
عدنان گل نے کہا کہ واسا بلوں کی ریکوری، موثر بلنگ اور شہریوں کو نکاسی آب کی سہولیات کی فراہمی ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ فیلڈ افسران کو روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔


