اسلام آباد (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے لانگ مارچ موخر ہونے اور وزیر اعلیٰ کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی ترجیح عوام نہیں انتشار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیس ستمبر گیا، اب چار اکتوبر آگیا، لیکن خیبرپختونخوا کا سوال وہی ہے کہ چودہ سال میں صوبے کو کیا دیا۔ مزید برآں انہوں نے کہا کہ صوبہ دہشت گردی اور بدامنی کا سامنا کر رہا ہے اور حکومت کی تمام توانائی مارچوں پر لگی ہوئی ہے۔ انجینئر امیر مقام کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کا ایجنڈا عوام کو ریلیف دینا نہیں بلکہ ان کے لیے مزید مسائل اور مشکلات پیدا کرنا دکھائی دیتا ہے، اور عوام کی انتشاری مارچ میں عدم دلچسپی پر تاریخیں بدلی جا رہی ہیں۔


