ریاض (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کے محکمہ ریلوے سار نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں منعقدہ بین الاقوامی ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجی نمائش اننوٹرانس 2026 کے دوران ریلوے نظام کو ترقی دینے کے لیے عالمی کمپنیوں کے ساتھ متعدد معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ برلن میں ہونے والی اس بین الاقوامی نمائش میں سار نے سوئس کمپنی سٹیڈلر سے 10 نئی مسافر ٹرینیں خریدنے کے لیے مالی معاہدہ کیا ہے، جس کے بعد کمپنی سے طے شدہ مسافر ٹرینوں کی مجموعی تعداد 20 ہو گئی ہے۔ مال برداری کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے امریکی کمپنی پروگریس ریل سے 33 نئے انجن اور گرینبرئر سے 782 نئی مال گاڑیاں خریدنے کے معاہدے کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ فرانسیسی کمپنی کے ساتھ فنی معاونت اور دیکھ بھال کی خدمات کا معاہدہ طے پایا جبکہ ہٹاچی ریل اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی اہم معاہدے کیے گئے۔ مقامی صنعت کو فروغ دینے کے مقصد سے استناد کمپنی نے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سعودی عرب میں ریلوے بریک سسٹمز کے پرزہ جات کی تیاری اور دیکھ بھال کو مقامی سطح پر کرنے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں۔


