لاہور (بیورو رپورٹ) لاہور پولیس کا ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور رواں ماہ کے دوران خطرناک ریسنگ میں ملوث 151 ون ویلرز کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک ون ویلنگ کے الزام میں 1233 افراد کو گرفتار کر کے 1147 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ مزید برآں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا ہے کہ موٹر سائیکل ریسنگ اور خطرناک اسٹنٹس کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر خطرناک موٹر سائیکل اسٹنٹس کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والوں پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی آلٹریشن کی روک تھام کی جائے اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے استفادہ کیا جائے۔


