کراچی (نیوز ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق سات کارروائیوں میں 34.317 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جس کی مالیت 85 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
راولپنڈی میں یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 1.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافر کی واسکٹ سے 1.072 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ ملتان ایئرپورٹ پر مسافر کے بیگ سے 1080 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔
فیض آباد ٹرمینل کے قریب گیزر سے 12 کلوگرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ ملتان میں انٹرچینج کے قریب گاڑی سے 10 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
سیالکوٹ میں موٹر سائیکل سوار ملزم سے 6.5 کلوگرام چرس اور پستول برآمد ہوا۔ اسلام آباد میں گاڑی سے افیون، چرس اور اسلحہ برآمد کرکے چار ملزمان گرفتار ہوئے۔
ترجمان کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


