ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی اتحادی بحریہ نے حدیدہ گورنیٹ میں حوثی ملیشیا کے فوجی اہداف کے خلاف آپریشن کیا ہے۔ ترجمان سعودی اتحاد کے مطابق آپریشن کے دوران اسلحہ ڈپو، دھماکا خیز بوٹ ویئر ہاسز اور سمندری سرنگوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
اس آپریشن کا مقصد باب المندب میں بحری نقل و حرکت کی سلامتی کا تحفظ ہے۔
ترجمان سعودی اتحاد کا کہنا تھا کہ دارالحکومت صنعا میں بیلسٹک میزائل لانچ پلیٹ فارم بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ سعدہ کے پہاڑی علاقے میں اسٹوریج تنصیب کو تباہ کیا گیا ہے جس میں بیلسٹک میزائل موجود تھے۔
یمنی خبر ایجنسی کے مطابق تعز میں حوثی ملیشیا کے عناصر جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب حوثی ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ میدانِ جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر کنٹرول مضبوط کر رہے ہیں۔ حوثی ترجمان کا کہنا تھا کہ دشمن جن چیزوں کا پرچار کر رہا ہے وہ محض خیالی فتوحات ہیں۔


