صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمنی مسلح افواج نے آزادی کی جنگ اور ریاستی اداروں کی بحالی و بغاوت کے خاتمے کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق مسلح افواج کے سرکاری ترجمان کرنل ماجد عبداللہ النزیلی نے ایک بیان میں یہ اعلان کیا۔
ترجمان نے کہا کہ اس جنگ کا مقصد یمنی عوام کی مصیبتوں کا ازالہ کرنا اور یمنیوں کو ایک ایسے وطن میں حق دلانا ہے۔ بیان میں تصدیق کی گئی کہ یہ قومی جنگ یمن کو اس کے عربی دامن میں واپس لانے کے لیے ایک پل کی حیثیت رکھتی ہے۔
مسلح افواج نے قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد کے ممالک کے برادرانہ موقف کو سراہا۔ بیان میں وطن راہِ راست پر واپس آنے والے بیٹوں کے لیے آغوش کشادہ رکھنے اور دوسروں کو لڑائی سے دور رہنے کی دعوت دی گئی۔


