پشاور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی حقائق پر پردہ نہ ڈالیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کیے ہیں۔
مذاکرات کی ناکامی کی اصل وجہ حکومت کا بدلتا ہوا موقف ہے۔ وفاقی حکومت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دے تو مسائل کا حل نکل آئے گا۔
شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ مذاکرات حکومت نے ختم کیے ہیں اور اس پر نظر ثانی بھی حکومت کو ہی کرنی چاہیے۔ اگر حکومت کوئی پالیسی بنانا چاہتی ہے تو تمام اسٹیک ہولڈرز کو بٹھائے۔
گورنر راج یا ایمرجنسی سے حالات بے قابو ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔


