اسلام آباد (اسلام آباد، بیورو رپورٹ)۔ ترکیہ کی تین کمپنیوں کی گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی گیپکو کی خریداری کے لیے درخواستیں منظور ہو گئیں۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے گیپکو کے اکاون سے ایک سو فیصد حصص کی منتقلی کے لیے گیارہ میں سے نو کمپنیوں کو کامیاب قرار دیا۔ یہ اجلاس پیر کو وزیر اعظم کے مشیر محمد علی کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
پری کوالیفائی ہونے والی کمپنیوں میں ترکیہ کی ایکٹور الیکٹرک، گینویرا انرجی اور چنگیز انرجی شامل ہیں۔ پاکستان سے اینگرو انرجی، حب پاور، سفائر، شیرازی انویسٹمنٹس، آرٹسٹک ملنرز اور اے کے ڈی سیکورٹیز بھی کوالیفائی کر گئیں۔
کے الیکٹرک نے نجکاری کی دوڑ سے اپنی درخواست باضابطہ طور پر واپس لے لی۔ نجکاری کمیشن کے مطابق پری کوالیفائی کرنے والی نو کمپنیاں جلد ورچوئل ڈیٹا روم کے ذریعے ڈیو ڈیلیجنس کا عمل شروع کریں گی۔
اجلاس میں اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مذاکراتی کمیٹی کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دی گئی۔ بورڈ نے زرعی ترقیاتی بینک اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔
نجکاری کمیشن نے ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کو دونوں اداروں کی نجکاری فاسٹ ٹریک کرنے کی ہدایت کر دی۔


