کراچی (نیوز ڈیسک) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور مثبت تشخص اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ گورنر سندھ نے ان خیالات کا اظہار کراچی پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ کراچی پریس کلب آمد پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین وصی قریشی اور دیگر عہدیداران نے ان کا استقبال کیا۔
سید محمد نہال ہاشمی نے تمام نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور ان کی کامیابی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلم اور ٹی وی سے وابستہ صحافی معاشرے کے بدلتے رجحانات اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتے ہیں۔
حکومت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے گی۔


