کراچی (نیوز ڈیسک) عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر سندھ ٹیچرز ایجوکیشن ڈولپمنٹ اتھارٹی کے زیرِ اہتمام کراچی کے اسکاٹس آڈیٹوریم میں تقریب منعقد ہوئی۔ وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ اور اسکول سربراہان میں ایوارڈز اور شیلڈز تقسیم کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ استاد ہمارا فخر اور ایسا سرمایہ ہیں جن کی قدر کبھی کم نہیں ہو سکتی۔
استاد کے ہاتھ میں صرف کتاب نہیں بلکہ ایک پوری نسل کا مستقبل ہوتا ہے۔ والدین انسان کو جنم دیتے ہیں مگر استاد اسے زندگی جینے کا ہنر سکھاتا ہے۔
سید سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال سے بچوں کی تربیت میں والدین کا کردار محدود ہوا ہے۔ اس صورتحال میں استاد کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں اور اب اساتذہ کو بچوں کو ماحول کے قریب لانا ہوگا۔
تقریب میں ہیڈ ٹیچرز کمپٹیشن کے 89 نمایاں ہیڈ ٹیچرز کو ایوارڈز دیے گئے۔ بہترین تدریسی مشقوں کے مقابلے میں کامیاب ہونے والے اساتذہ کو بھی شیلڈز سے نوازا گیا۔
اسکول اسپیسفک بجٹ کے بہترین استعمال پر 12 اسکول سربراہان کو بھی خصوصی ایوارڈز دیے گئے۔


