فائل فوٹو
لاہور (این این آئی) ملک بھر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔ ینگ انجینئرنگ کونسل کے فوکل پرسن عثمان فاروق کے مطابق سسٹم سے متعدد پاور ہائوس نکل گئے ہیں۔
ان پاور ہائوسز کا سولہ اکتوبر تک سسٹم میں واپسی کا امکان ہے۔
اس صورتحال سے ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے چار ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیا ہے۔ لیسکو سمیت تمام ڈسکوز میں صورتحال ابتر ہو چکی ہے۔
عثمان فاروق کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ تین سے چار گھنٹے تک پہنچ گئی ہے۔ گیس کے علاوہ ڈیزل اور پانی کی جنریشن بھی کم ہوگئی ہے۔
دوسری جانب لیسکو ذرائع کے مطابق طلب بڑھنے سے شارٹ فال ایک ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے۔ لیسکو میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔
لیسکو چیف کی ڈیمانڈ پر بھی بجلی کا کوٹا نہیں بڑھایا جاسکا۔ سسٹم کی ابتر صورتحال کے باعث آئندہ کچھ روز بدترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


