تہران (انٹرنیشنل ڈیسک)۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور خطے میں استحکام کی بحالی کیلئے عراق، تیونس اور مصر کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق انہوں نے عراقی وزیر خارجہ فواد حسین اور تیونس کے وزیر خارجہ محمد علی نفتی کو جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب بدر عبدالعاطی سے بھی علاقائی صورتحال اور کشیدگی میں کمی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
مصری وزارت خارجہ کے ترجمان سفیر نادر ذکی کے مطابق گفتگو میں خطے میں دوبارہ فوجی تصادم کے خدشات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے سفارتی ذرائع اور سیاسی حل کو ترجیح دینے پر زور دیا۔
انہوں نے تمام فریقین سے لچک اور مذاکرات کیلئے آمادگی ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا۔ مصری وزارت خارجہ کے مطابق قاہرہ خطے میں کشیدگی پر قابو پانے کیلئے متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطے جاری رکھے ہوئے ہے۔


