مظفرآباد (نیوز ڈیسک) تعلیمی اداروں کی تعمیر اور معیارِ تعلیم کی بہتری بنیادی ضرورت ہے۔ سابق پریس سیکرٹری ٹیچرز آرگنائزیشن مظفر حسین منہاس نے وزیر تعلیم آزاد کشمیر کے بیان کا خیرمقدم کیا۔
وزیر تعلیم نے اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر اور بچوں کے لیے فرنیچر کی فراہمی کا عزم ظاہر کیا تھا۔
مظفر حسین منہاس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں عملے کی کمی کا معاملہ سنگین ہے۔ کئی مڈل اسکولوں میں اساتذہ کی تعداد چار سے پانچ ہے۔
ہائی اسکولوں میں سات سے بارہ اساتذہ پر مشتمل ادارے کام کر رہے ہیں جس سے نظام بہتر نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کے تمام تعلیمی اداروں میں ضرورت کے مطابق اسٹاف فراہم کیا جائے۔ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں اسکولوں کی عمارتیں فوری تعمیر کی جائیں اور دیگر ضروریات بھی پوری کی جائیں۔


