اسلام آباد (نیوز ڈیسک)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اظہارِ تحسین کیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
وزیراعظم نے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
پی ایم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک یہ کارروائی جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے عزمِ استحکام کے تحت جاری کارروائیوں کو ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے امن کو نقصان پہنچانے والوں کو مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔


