لکھنؤ (این این آئی) بھارت کے شہر وارانسی میں بھارت رتن ایوارڈ یافتہ شہنائی نواز استاد بسم اللہ خان کا گھر منہدم کیے جانے کے بعد بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ عظیم فنکار کے مشترکہ ورثے کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ قدامت پسند اور محدود سوچ کے حامل افراد نے فن کے ساتھ دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اس ورثے کو تباہ کرنا ملک کی عزت و وقار کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔
دوسری جانب وارانسی میونسپل کارپوریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ اہل خانہ نے اس مقام پر میوزیم بنانے کی پیشکش مسترد کر دی تھی۔ حکام کے مطابق خستہ حالی کے نوٹس اور خاندان کے باہمی اختلافات حل ہونے کے بعد اہل خانہ نے گھر کے کچھ حصے خود منہدم کیے تاکہ اسے دوبارہ تعمیر کیا جا سکے۔
اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ بی جے پی اور اس کے اتحادی ہمیشہ سے فن اور فنکاروں کے مخالف رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تخلیقی صلاحیتیں رکھنے والے افراد سماجی تبدیلی کی بنیاد رکھتے ہیں جسے یہ عناصر اپنے ایجنڈے کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہیں۔


