اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے سات اور آٹھ اکتوبر دو ہزار چھبیس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے نائب وزیراعظم سے دوطرفہ مذاکرات کیے اور صدر مملکت، وزیراعظم نیز آرمی چیف سے ملاقاتیں کیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے وزارت خارجہ میں پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قریبی دوطرفہ تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔ بحرین کے وزیر خارجہ نے بحرین کی ترقی میں پاکستانی برادری کے کردار کا اعتراف کیا۔
اجلاس کے اختتام پر وزرائے خارجہ نے پروٹوکول پر دستخط کیے اور چوتھا اجلاس آئندہ سال منامہ میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔


