لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ انجم نثار گروپ کے رکن مدثر مسعود چوہدری نے خطے کے انتہائی غریب افراد میں سے اڑتالیس فیصد پاکستان میں ہونے کے انکشاف پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مدثر مسعود چوہدری نے کہا ہے کہ غربت کا خاتمہ کیے بغیر پائیدار معاشی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مالی امداد تک محدود رکھنے کے بجائے چھوٹے کاروبار سے منسلک کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غریب خاندانوں کو آسان شرائط پر بلاسود قرضے اور فنی تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔ چھوٹے کاروباروں کے فروغ سے بے روزگاری میں کمی لائی جا سکتی ہے اور مستحق خاندانوں کو مستقل آمدن مل سکتی ہے۔


