ممبئی (این این آئی ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جیا بچن نے امیتابھ بچن کے ساتھ اپنے تعلقات کے ابتدائی دنوں کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ جب انہوں نے پہلی مرتبہ امیتابھ بچن کو دیکھا تو انہیں خطرہ محسوس ہوا تھا۔
جیا بچن اور امیتابھ بچن کی شادی 1973 میں ہوئی تھی اور دونوں کو ازدواجی زندگی گزارتے پانچ دہائیوں سے زائد عرصہ ہو چکا ہے۔ جیا بچن کے مطابق امیتابھ ابتدائی دنوں میں کم گو اور حد سے زیادہ حساس طبیعت کے مالک تھے، جس کے باعث انہیں سمجھنا آسان نہیں تھا۔
جیا بچن نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ انہوں نے امیتابھ کو پہلی مرتبہ پونا کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا میں تعلیم کے دوران دیکھا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعد میں وہ فلم ساز ہری کیش مکھرجی کی فلم گڈی کے سلسلے میں ملیں، جس میں ابتدا میں امیتابھ بچن کو بھی کاسٹ کیا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں فلم سے الگ کر دیا گیا۔
اداکارہ کے مطابق امیتابھ بچن نے کبھی باقاعدہ طور پر شادی کی پیشکش نہیں کی تھی، جس کی وجہ سے وہ طویل عرصے تک ان کے جذبات کے بارے میں غیر یقینی کا شکار رہیں۔


