ممبئی (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ بپاشا باسو تقریبا چھ سال کے وقفے کے بعد اداکاری کی دنیا میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے ہدایت کار ہنسل مہتا کی نئی، تاحال نام نہ رکھنے والی اسٹریمنگ سیریز کی شوٹنگ شروع کردی ہے جسے پرائم ویڈیو پر ریلیز کیا جائے گا۔سیریز کے نام، بپاشا باسو کے کردار اور ریلیز کی تاریخ سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
اس منصوبے میں سنی کوشل اور وشال جیٹھوا بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ کہانی کشیپ کپور اور راگھو راج ککر نے لکھی ہے۔
پروڈکشن کی ذمہ داری پربھلین سندھو نے اپنے ادارے الماٹی موشن پکچرز کے تحت سنبھالی ہے۔یہ کرائم ڈراما ایک بظاہر غیر نمایاں قصبے کے گرد گھومتا ہے جس کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ براعظم میں ہیروئن کی تجارت کا ایک بڑا مرکز بن سکتا ہے۔
سنی کوشل ایک ایسے پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو بدعنوانی سے پاک رہنے کے عزم کے ساتھ نظام کے اندر اور باہر موجود طاقتور عناصر کا مقابلہ کرتا ہے۔بپاشا باسو نے اداکار کرن سنگھ گروور سے اپریل 2016 میں شادی کے بعد بڑی حد تک اداکاری سے فاصلہ اختیار کیا اور خاندانی زندگی کو ترجیح دی۔
اس جوڑے کے ہاں نومبر 2022 میں بیٹی دیوی کی پیدائش ہوئی۔


