وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت کی بنیادی اقدار کو مضبوطی سے تھامے رکھنا موجودہ دور کے چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے اور خوشحال مستقبل یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے مساوات، انصاف، آزادی، عوامی رائے کے احترام، انسانی وقار کے تحفظ اور قانون کی بالادستی سے وابستگی کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر یہ دن منا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ موقع جمہوری اصولوں سے وابستگی کے اظہار کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں اختیارات عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے عوامی بہبود کے لیے استعمال ہوتے ہیں، جبکہ پارلیمان ملک کا مرکزی جمہوری ادارہ اور عوام کی نمائندہ ہے۔ وزیراعظم کے مطابق آئین پاکستان ریاست اور شہریوں کے درمیان تعلق کو قانونی شکل دیتا ہے۔
انہوں نے آرٹیکل 25 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہر شہری کے مساوی حقوق اور قانون کی نظر میں برابری کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام مفاد عامہ اور اسلامی اساس کے مطابق قانون سازی کا اختیار دیتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بدلتے تقاضوں کے پیش نظر عوامی امنگوں اور ضروریات کے مطابق قوانین بنانا پارلیمان کے فرائض میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بنیادی اقدار، شہریوں کے بنیادی حقوق اور بہترین پارلیمانی روایات ملک کے خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے اہم ہیں۔
پیغام میں خواتین کی قومی زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور شرکت کے آئینی عزم کا بھی ذکر کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں خواتین اور غیر مسلم اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستیں ان کی موثر نمائندگی اور حقوق و مفادات کے تحفظ کے لیے رکھی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی ذمہ داریوں کا ادراک رکھتا ہے اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت جمہوریت کے فروغ، امن و انصاف اور مضبوط اداروں کے قیام کے لیے مربوط کوششیں کر رہا ہے۔


