لاہور (بیورو رپورٹ) پاکستان کی سابقہ اداکارہ اریج فاطمہ نے اپنے سر کو مسلسل ڈھانپے رکھنے کی اصل وجہ بتادی۔ سابقہ اداکارہ کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ دوران انٹرویو کینسر اور سر ڈھکنے کی وجہ پر بات کررہی ہیں۔
اریج فاطمہ نے بتایا کہ ان سے بہت لوگ سوال کرتے ہیں کہ انہوں نے سر ڈھکنا کیوں شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی تو ایک ڈر تھا کہ بال جھڑ جائیں گے۔
اریج فاطمہ کے مطابق انہیں اپنے بالوں پر بہت ناز تھا اور ان ہی کی فکر انہیں سب سے زیادہ تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بار بار کہتی تھیں کہ گنجی ہوجانے پر حجاب شروع کردیں گی، حالانکہ اللہ تعالی نے ان کے بال نہیں گرائے۔
سابقہ اداکارہ نے بتایا کہ یہ چیز کہیں نہ کہیں ان کے پچھتاوے کا باعث بنی کہ کیا گنجی ہونے پر ہی حجاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے مردوں کو غسل دینا شروع کیا تھا جو ایک ٹرننگ پوائنٹ تھا۔
اریج فاطمہ کے مطابق انہیں لگنے لگا کہ اب کسی بھی وقت کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماری قسمت میں تھی لیکن اللہ نے آسانیاں پیدا کیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جو بیماری انہیں تھی اس کی لوگوں میں تشخیص ہی نہیں ہوپاتی لیکن راتوں رات ان کی تشخیص بھی ہوگئی اور علاج بھی ہوا۔ اریج فاطمہ کا کہنا تھا کہ لوگ انہیں کہتے ہیں گناہوں کی سزا ہے لیکن بیماری لکھی ہوتی ہے اس لیے توکل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔


