اسلام آباد (صورتحال نیوز ڈیسک) ممتاز سیاستدان اور شاعر نوابزادہ نصراللہ خان کی سالگرہ جمعہ 13 نومبر کو منائی گئی۔ علمی، ادبی اور سیاسی حلقوں نے جمہوری جدوجہد میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
نوابزادہ نصراللہ خان 13 نومبر 1916 کو خان گڑھ میں پیدا ہوئے اور ایچی سن کالج لاہور میں تعلیم حاصل کی۔ شاعری میں وہ ناصر تخلص استعمال کرتے تھے۔
ان کا سیاسی سفر 1930 میں مجلس احرار اسلام سے شروع ہوا۔ 1945 میں وہ جماعت کے سیکرٹری جنرل بنے اور قیامِ پاکستان کے بعد مسلم لیگ میں شامل ہوگئے۔ انہیں صوبائی اور قومی اسمبلی کی رکنیت بھی حاصل رہی۔
بے نظیر بھٹو کی دوسری حکومت کے دوران انہوں نے قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کیں۔ پارلیمانی جمہوریت کے لیے طویل جدوجہد کے باعث انہیں بابائے جمہوریت کہا جاتا ہے۔ ان کا انتقال 27 ستمبر 2003 کو ہوا۔


