File photo
فیصل آباد (صورتحال نیوز ڈیسک) فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی کاشت کی مہم 2026-27 جاری ہے۔ ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری خالد محمود نے 14 نومبر کو کاشتکاروں کو سپر سیڈر کی درست ترتیب، مقررہ رفتار اور بیج کی مناسب گہرائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے سبسڈی پر فراہم کردہ سپر سیڈر مشینیں دھان کی کٹائی کے بعد پرالی کو باریک کاٹ کر زمین میں ملانے اور گندم کی بروقت کاشت میں مدد دے رہی ہیں۔ مہم میں وسائل کے بہتر استعمال، اخراجات میں کمی اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے ڈرل سے کاشت پر توجہ دی جا رہی ہے۔
چوہدری خالد محمود کے مطابق مشین چلانے سے پہلے اس کی کیلیبریشن یعنی بیج ڈالنے کی درست ترتیب جانچنا ضروری ہے۔ ٹریکٹر کی ہارس پاور مشین کی ضرورت کے مطابق ہو اور زمین میں مناسب وتر موجود ہو۔
انہوں نے کاشتکاروں کو صبح شبنم خشک ہونے کے بعد سپر سیڈر چلانے اور کھیت کے کونوں اور کناروں پر احتیاط کی ہدایت کی تاکہ بیج یکساں کاشت ہو۔ ان کے بقول ان تدابیر سے ایندھن کی بچت اور مشین کی بہتر کارکردگی حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔


