لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی حسام اصغر نے کہا ہے کہ برآمدات کا فروغ مضبوط معیشت کی بنیاد ہے۔ برآمدات میں پائیدار اضافہ ملکی معیشت کے استحکام اور زر مبادلہ کے ذخائر میں بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے یہ بات پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کی قیادت پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک اور سینئر وائس چیئرمین خواجہ میر مدثر کر رہے تھے۔
پی سی ایم ای اے کے وفد نے لاہور چیمبر کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ وفد نے بتایا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت دیہی علاقوں میں ہزاروں خاندانوں کے لیے روزگار کا ذریعہ ہے۔
برآمدکنندگان کو عالمی منڈی میں سخت مسابقت اور پیداواری لاگت میں اضافے جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے صنعت کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر آواز اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔


