لاہور میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت پنجاب چیریٹیز کمیشن کا چھبیسواں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہائوسنگ و کمشنر پنجاب چیریٹیز کمیشن نور الامین مینگل نے آن لائن شرکت کی۔
کمشنر پنجاب چیریٹیز کمیشن ڈاکٹر اسامہ صدیق بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کرنل شہزاد امیر نے ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے پلان بارے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ چیریٹیز کمیشن پنجاب بھر میں این جی اوز کی استعداد کار بڑھانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ کمیشن پنجاب میں قائم آٹھ ہزار تین سو پینتالیس این جی اوز کیساتھ مستقل رابطے میں ہے۔
این جی اوز کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت جیسے خطرات سے بچائو کی تربیت دی جا رہی ہے۔ خیراتی اداروں میں شفافیت کے فروغ اور غلط استعمال کی روک تھام کیلئے آڈٹ مینجمنٹ سسٹم نافذ کیا گیا ہے۔
مشکوک سرگرمی کی صورت میں متعلقہ خیراتی ادارے کی انکوائری اور آڈٹ کیا جاتا ہے۔ قانون کی خلاف ورزی پر کسی بھی خیراتی ادارے کا چندہ جمع کرنے کا اجازت نامہ منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تمام خیراتی اداروں کی چیریٹیز کمیشن سے رجسٹریشن لازم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام خیراتی ادارے فنڈز کے استعمال میں قوانین کی پاسداری یقینی بنائیں۔


