لاہور (نیوز ڈیسک) محکمہ زراعت پنجاب نے بارانی علاقوں میں گندم کیلئے کھادوں کے استعمال بارے سفارشات جاری کر دیں۔ ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق کم بارش والے علاقوں کے کاشتکار بوائی سے قبل زمین کی تیاری میں ایک بوری ڈی اے پی، ایک بوری یوریا اور آدھی بوری ایس او پی یا ایم او پی فی ایکڑ استعمال کریں۔
ان علاقوں میں راجن پور، لیہ، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، بھکر، میانوالی، جنڈ، پنڈی گھیب اور خوشاب کے بارانی علاقہ جات شامل ہیں۔ درمیانی بارش والے علاقوں کے کاشتکار سوا بوری ڈی اے پی، سوا بوری یوریا اور آدھی بوری ایس او پی فی ایکڑ ڈالیں۔
اس زمرے میں چکوال، تلہ گنگ اور پنڈ دادن خان کے علاقہ جات شامل ہیں۔


