ملک کے مختلف علاقوں میں سردیوں کی آمد کے اوقات میں تبدیلی اور شدید سردی کے دورانیے میں کمی کے رجحانات سامنے آئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق عالمی حدت اور فضائی گردش کے نظام میں تبدیلیوں کے باعث موسمی معمولات متاثر ہورہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سردیوں کا عمومی موسم پندرہ نومبر سے پندرہ مارچ تک رہتا ہے، جبکہ کراچی میں سردی کا آغاز دسمبر کے وسط سے ہوتا ہے۔
کراچی میں سمندری ہواؤں کی بندش کے باعث گرمی مزید آٹھ سے نو روز جاری رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردیوں کا باقاعدہ آغاز نومبر میں متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ آٹھ سے دس برس کے دوران سردی دیر سے شروع ہونے اور شدید سرد موسم کا دورانیہ پچھتر دنوں سے کم ہوکر پچاس دن تک رہ جانے کے رجحانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔


