جہانیاں (صورتِ حال، ڈیسک) پاکستان کے سابق صدر غلام اسحاق خان کی بیسویں برسی ستائیس اکتوبر کو منائی جائے گی۔ بیورو کریٹ غلام اسحاق خان بیس جنوری 1915ء کو بنوں میں پیدا ہوئے تھے۔
انہوں نے سول سروس سے عملی زندگی کا آغاز کیا اور طویل عرصہ اہم منصبوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ سیکرٹری اطلاعات، چیئرمین واپڈا، سیکرٹری خزانہ اور گورنر سٹیٹ بینک کے عہدوں پر فائز رہے۔
غلام اسحاق خان سیکرٹری دفاع، وزیر خزانہ اور چیئرمین سینیٹ بھی رہے۔ انہیں شاندار خدمات پر ستارہ پاکستان اور ہلال پاکستان کے اعزازات سے نوازا گیا۔
جنرل ضیاء الحق کے انتقال کے بعد انہوں نے منصب صدارت سنبھالا تھا۔ انہوں نے آئین کی آٹھویں ترمیم کی شق اٹھاون ٹو بی کے تحت اگست 1990ء میں بے نظیر بھٹو اور اپریل 1993ء میں نواز شریف کی حکومتیں برطرف کی تھیں۔
اس سیاسی ڈیڈ لاک کے بعد وہ منصب صدارت چھوڑ کر گوشہ گمنامی میں چلے گئے تھے اور ستائیس اکتوبر 2006ء کو انتقال کر گئے تھے۔


