راولپنڈی (صورتِ حال، نیوز ڈیسک) ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے لانگ مارچ کے تناظر میں راولپنڈی میں ہوٹلز کی بندش کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ہوم ڈیپارٹمنٹ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور سی پی او کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
جسٹس صداقت علی خان نے درخواست کی سماعت کی۔ یہ درخواست مرکزی انجمن تاجران کے رہنما احتشام الحق نے دائر کی، جس میں ہوٹلز، موٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کی غیر معینہ مدت تک بندش کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق کاروبار پہلے ہی متاثر ہیں اور ہوٹلز کی غیر معینہ مدت تک بندش ناقابل قبول ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ انتظامیہ اور پولیس زبانی احکامات کے ذریعے ہوٹلز بند کرا رہی ہے۔
درخواست میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے تناظر میں عائد بندش کا ذکر کیا گیا ہے۔ عدالت نے راولپنڈی میں ہوٹلز کی بندش سے متعلق درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔


