کراچی میں سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے مالیاتی کھاتوں سے ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے سے زائد کے چیکس جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ رقم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے انتخابی تنازع میں قانونی اخراجات کی مد میں جاری کی گئی۔
مالیاتی ریکارڈ کے مطابق 11 فروری 2026 کو ستر لاکھ روپے سے زائد کے چیکس جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ 25 فروری 2026 کو قانونی اخراجات کی مد میں مزید 35 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔
انجمن کے ارکان اور سینئر علیگ نے سوال اٹھایا ہے کہ یہ اخراجات کس قانونی اختیار کے تحت ادا کیے گئے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مزید رقوم بھی جاری کی گئی ہوں گی اور تعلیمی فنڈز کے اس مبینہ استعمال پر مکمل جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا ہے۔
ارکان نے محکمہ انسدادِ بدعنوانی اور وفاقی تحقیقاتی ادارے سے غیر جانب دارانہ اور فرانزک مالیاتی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم ادائیگیوں کے قانونی جواز اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے حوالے سے حتمی نتیجے کے لیے متعلقہ دستاویزات اور یونیورسٹی انتظامیہ کا مؤقف آنا ضروری ہے۔


