فائل فوٹو
کراچی (نیوز ڈیسک) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں منشیات برآمدگی کے تین مقدمات میں ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف سماعت ہوئی۔ جیل حکام نے ملزمہ کو بذریعہ برقی رابطہ عدالت میں پیش کیا، جہاں تفتیشی افسر سمیت تین گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے گئے۔
تفتیشی افسر نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزم سمیر کو بطور ترسیل کار منشیات پہنچاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ سمیر نے دورانِ تفتیش انمول پنکی کے مبینہ نیٹ ورک کی نشاندہی کی۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ ان مقدمات میں مفرور تھی اور رواں سال ایک دوسرے مقدمے میں گرفتار ہوئی۔
دورانِ سماعت وکیلِ صفائی نے گواہوں کے بیانات پر جرح کے لیے مہلت طلب کی۔ ملزمہ پنکی کی جانب سے دو مقدمات میں بریت کی درخواستیں بھی دائر کردی گئیں۔
درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ ملزمہ کو متعلقہ مقدمات سے بری کیا جائے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف منشیات برآمدگی کے یہ مقدمات 2021 میں تھانہ درخشاں میں درج کیے گئے تھے۔ عدالت نے مقدمات کی مزید سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کردی۔


