سرگودھا (نیوز ڈیسک) سرگودھا کے سرکاری اسکول میں بچوں سے مبینہ زیادتی کا نیا کیس سامنے آ گیا ہے۔ پولیس کے مطابق انگلش ٹیچر صفدر عباس کے خلاف ایک اور مقدمہ درج ہو گیا ہے۔
اب اس معاملے میں درج مقدمات کی کل تعداد دو ہو گئی ہے۔
ملزم کے خلاف تھانہ عطا شہید میں علی خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق انگلش ٹیچر تیرہ سالہ طالب علم سے مبینہ زیادتی کرتا رہا۔
آخری واقعہ پندرہ اکتوبر کو پیش آیا تھا۔
والد کا کہنا ہے کہ بیٹا خوف کے باعث خاموش رہا تھا۔ ٹیچر کے خلاف پہلا کیس سامنے آنے پر پوچھ گچھ کی گئی۔
اس کے بعد مبینہ زیادتی کا سارا انکشاف ہوا۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے انگلش ٹیچر کا لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیا ہے۔ موبائل فون اور کمپیوٹر کی فرانزک جانچ بھی جاری ہے۔
حکام کے مطابق دو متاثرہ بچوں اور تینوں ملزمان کے ڈی این اے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔ یہ نمونے مزید جانچ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
پولیس شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہے۔
پولیس بچوں کی مبینہ نازیبا ویڈیوز بنانے کے الزامات کی بھی جانچ کر رہی ہے۔ بلیک میلنگ کے پہلو پر بھی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔


