فائل فوٹو
کراچی (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کے سابق قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا ہے کہ حالات کتنے ہی کٹھن کیوں نہ ہوں، روشن مستقبل پاکستان اور ایران کے عوام کا منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام دکھ کے بجائے امن کی فتح، ظلم پر انصاف اور تقسیم پر دوستی کا جشن منائیں۔
کراچی میں آٹھ برس تک خدمات انجام دینے والے ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر اہلکار حسن نوریان نے بتایا کہ دونوں اقوام کی اقدار مشترک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذہب، ثقافت اور تاریخ کے مضبوط رشتوں کے ساتھ عوامی روابط بھی انتہائی مستحکم ہیں۔
امریکا کی جانب سے عائد اقتصادی پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کو سخت اقتصادی مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک قوم کی مشکل سے دوسری قوم بھی متاثر ہوتی ہے کیونکہ معیشتیں اور ذرائع معاش جڑے ہوئے ہیں۔
سرحد کی بندش اور ٹرکوں کی قطاروں سے اشیائے ضروریہ کی قلت کے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ حسن نوریان نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں مذاکرات، تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشکلات عارضی ثابت ہوں گی اور امن، خوشحالی اور استحکام کی فضا دوبارہ قائم ہوگی۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی ہمدردی اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور باہمی بھائی چارے کے قیام کی دعا کی۔


