فائل فوٹو
کراچی (بزنس ڈیسک) ملک میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی درآمد اور رسد میں اضافے کے باوجود صارفین کو قیمتوں میں ریلیف نہیں مل سکا۔ کراچی سمیت مختلف شہروں میں ایل پی جی کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔
پورٹ قاسم پر ایل پی جی بردار جہاز یلو اسٹون بحرین سے چار ہزار میٹرک ٹن گیس لے کر پہنچا۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق جہاز گزشتہ روز برتھ پر لنگر انداز ہوا جبکہ اس کی کھیپ کی ہینڈلنگ مکمل کرلی گئی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے دو دیگر جہاز بھی سات ہزار ٹن سے زائد ایل پی جی لے کر بندرگاہ پہنچ چکے ہیں۔ دوسری جانب ایران سے ایل پی جی کی درآمد میں اضافے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق سرحدی اجازت ملنے کے بعد ایک سو سے زائد باؤزرز کے ذریعے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں دو ہزار ٹن سے زائد گیس کراچی پہنچنے کی توقع ہے۔ اس رسد سے مارکیٹ میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر ہونے کی امید ہے تاہم قیمتوں میں کمی کا انحصار سپلائی اور طلب پر ہوگا۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق مختلف شہروں میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت چھ سو سے ساڑھے چھ سو روپے تک برقرار ہے۔ کراچی میں قیمت پانچ سو پچاس روپے، پشاور میں پانچ سو ستر روپے اور اٹک میں چھ سو روپے فی کلو رپورٹ کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی قیمت چھ سو روپے فی کلو بتائی گئی ہے۔ کوئٹہ میں تیس روپے کمی کے بعد ایل پی جی کی قیمت پانچ سو بیس روپے فی کلو ہو گئی جبکہ لاہور میں ایل پی جی کی دکانیں ہڑتال کے باعث دوسرے روز بھی بند رہیں۔
دستیاب معلومات کے مطابق اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی سرکاری قیمت دو سواسی روپے چونتیس پیسے فی کلو مقرر تھی۔ صارفین کو مختلف شہروں میں اس سے کہیں زیادہ نرخ ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔


