فائل فوٹو
فیصل آباد (نیوز ڈیسک) سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے کینال روڈ پر ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور ریش ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ اس کارروائی کے دوران 9 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ون ویلنگ اور ریش ڈرائیونگ خود ڈرائیور اور دیگر شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے غیر قانونی اقدامات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
پولیس نے شہریوں اور نوجوانوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سڑکوں کو کھیل کا میدان نہ بنائیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی۔


