File photo
اسلام آباد (صورتحال نیوز ڈیسک) صدر آصف علی زرداری نے ذیابیطس کی روک تھام، صحت مند طرزِ زندگی اور بروقت تشخیص کو قومی ترجیح بنانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے 14 نومبر کو منائے جانے والے عالمی یومِ ذیابیطس کے پیغام میں یہ اپیل کی۔
صدر نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں، طبی ماہرین، تعلیمی اداروں، میڈیا اور سول سوسائٹی سے اردو اور علاقائی زبانوں میں سال بھر مربوط آگاہی مہمات چلانے کو کہا۔ ان کے مطابق ان مہمات میں بیماری سے بچاؤ، علامات اور معائنے کے لیے رجوع کرنے کی رہنمائی دی جائے۔
انہوں نے خواتین، معمر افراد، کم آمدن خاندانوں اور دوردراز علاقوں پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔ صدر کے مطابق لیڈی ہیلتھ ورکرز، بنیادی مراکزِ صحت اور مقامی تنظیمیں معلومات اور معائنے کی سہولت لوگوں کے قریب پہنچا سکتی ہیں۔
صدر نے کہا کہ بروقت تشخیص کے بعد قابلِ برداشت علاج اور مسلسل نگہداشت بھی ضروری ہے۔ انہوں نے صحت بخش خوراک، محفوظ پانی اور چہل قدمی و تفریح کے لیے قابلِ رسائی جگہوں کی اہمیت بھی اجاگر کی۔


