اسلام آباد (صورتحال نیوز ڈیسک) پاکستان ریلوے نے کراچی ڈویژن میں مالی سال 2022-23 سے 2025-26 تک تقریباً 364 ایکڑ اراضی واگزار کرائی۔ اے پی پی کی رپورٹ میں ویلتھ پاکستان کو دستیاب وزارتِ ریلوے کی دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا کہ واگزار زمین میں سب سے زیادہ حصہ زرعی اراضی کا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 293.6 ایکڑ زمین مالی سال 2024-25 میں واگزار ہوئی۔ اس کے علاوہ جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران 8.992 ایکڑ اراضی سے تجاوزات ختم کرائی گئیں، جس کی تخمینی مالیت 30 کروڑ 56 لاکھ 80 ہزار روپے بتائی گئی۔
دستاویزات کے مطابق کراچی ڈویژن میں ریلوے کی 951.28 ایکڑ زمین اب بھی قبضوں میں ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ سیکشن کیماڑی تا کوٹری ہے، جبکہ کراچی سرکلر ریلوے کی 53 ایکڑ زمین بھی تجاوزات کی زد میں بتائی گئی ہے۔
پاکستان ریلوے نے نومبر میں رہائشی کوارٹرز، اسٹیشن یارڈز اور تجارتی تجاوزات کے خلاف مزید کارروائیوں کا شیڈول بنایا ہے۔ اس میں کراچی، حیدرآباد، کوٹری، ٹنڈو آدم، سیہون اور دادو سمیت متعلقہ علاقے شامل ہیں۔


