اقوام متحدہ (صورتحال نیوز ڈیسک) اے پی پی کے مطابق سلامتی کونسل نے ابیی میں اقوام متحدہ کی عبوری سیکیورٹی فورس (UNISFA) اور سرحدی نگرانی کے نظام کی معاونت کی مدت 15 نومبر 2027 تک بڑھا دی۔ قرارداد 2838 (2026) کے حق میں 13 ووٹ آئے، مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں آیا جبکہ چین اور روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
پاکستان نے قرارداد کی حمایت کی۔ نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے شہریوں کے تحفظ، کشیدگی روکنے اور استحکام برقرار رکھنے میں مشن کے کردار کو اہم قرار دیا۔ ابیی تیل سے مالامال متنازع علاقہ ہے جس پر سوڈان اور جنوبی سوڈان دعویٰ کرتے ہیں۔
پاکستانی مندوب نے مشن کی آئندہ توسیع کو سیاسی پیش رفت سے مشروط کرنے پر تحفظات بھی ظاہر کیے، کیونکہ یہ پیش رفت بڑی حد تک دونوں ممالک کے فیصلوں پر منحصر ہے۔ انہوں نے زمینی سلامتی اور شہریوں کی ضروریات کو بنیاد بنانے اور مشن کو مناسب مالی، انتظامی و عملی وسائل دینے پر زور دیا۔
قرارداد میں کادقلی میں 13 دسمبر 2025 کے ڈرون حملے کی غیر جانب دار تحقیقات اور امن اہلکار و مقامی سربراہ کی ہلاکت کی تحقیقاتی سفارشات سے تعاون کا مطالبہ بھی کیا گیا۔


