لاہور (صورتحال نیوز ڈیسک) ترجمان پیسی کے مطابق پنجاب سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے ذریعے رواں سال ذیابیطس میں مبتلا محنت کشوں کو 95.77 ملین روپے مالیت کی انسولین اور شوگر کی ادویات مفت فراہم کی گئی ہیں۔ عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ ادارہ محنت کشوں کو بیماری سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کے لیے طبی سہولیات اور آگاہی فراہم کر رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق مریم نواز ویلنیس سینٹرز میں محنت کشوں کو ذیابیطس سے بچاؤ، طرزِ زندگی اور خوراک کے حوالے سے رہنمائی دی جا رہی ہے۔ دورانِ حمل ذیابیطس کی صورت میں ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ کے لیے ضروری طبی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ سوشل سکیورٹی موبائل ہیلتھ سروسز کے تحت محنت کشوں کو شوگر کے ٹیسٹ کی سہولت دی جا رہی ہے۔ عالمی یومِ ذیابیطس پر ہسپتالوں میں مرض سے بچاؤ، احتیاطی تدابیر اور اس پر قابو پانے کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی گئی۔


