نئی دلی (انٹرنیشنل ڈیسک)۔ کانگریس نے ریاست منی پور میں مسلسل تشدد پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
پارٹی کے مطابق دفاعی لحاظ سے اہم سرحدی ریاست میں خون ریزی نظم و ضبط اور قومی سلامتی کے تحفظ میں بی جے پی حکومت کی ناکامی کی مثال ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے سوال کیا کہ مزید کتنی معصوم جانیں ضائع ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی نااہلیت کے سبب منی پور میں خون بہہ رہا ہے اور حالیہ تشدد میں چار افراد کی ہلاکت قابل مذمت ہے۔ کھرگے نے بتایا کہ مئی 2023 سے ریاست میں تین سو سے زائد جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور چوبیس ہزار سے زائد افراد ریلیف کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
طویل المیے میں خواتین اور بچے متاثر ہو رہے ہیں جبکہ سیاسی جوڑ توڑ سے بھی امن قائم نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تشدد شروع ہونے کے طویل عرصہ بعد بھی منی پور کا دورہ نہیں کیا۔
کھرگے نے دریافت کیا کہ جون 2023 میں بنائی گئی امن کمیٹی کا کیا ہوا اور سپریم کورٹ کی کمیٹی کی سفارشات پر کیا عمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ منی پور کو انصاف، دستوری حقوق اور پائیدار امن کی ضرورت ہے۔


