مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں نے ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں قتلِ عام کی 33 ویں برسی منائی ہے۔ یہ سانحہ بھارتی فورسز کے بدترین جرائم میں شمار ہوتا ہے جہاں 22 اکتوبر 1993 کو بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے فائرنگ کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس واقعے میں 50 سے زائد شہری موقع پر ہی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ شہداء میں زیادہ تر طلباء اور نوجوان شامل تھے جن کے لواحقین طویل عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال انصاف کے منتظر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مقبوضہ علاقے میں اب تک قتل عام کے بیسیوں واقعات پیش آچکے ہیں لیکن آج تک کسی بھی مجرم اہلکار کو سزا نہیں دی گئی ہے۔ ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی بین الاقوامی تنظیموں نے اس قتلِ عام کی شدید مذمت کی ہے۔


