فائل فوٹو
فائل فوٹو
لاہور میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اکیسواں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلال یاسین اور معاون خصوصی رانا بلال احمد نے بھی شرکت کی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ پنجاب بھر میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز پر دفعہ 144 کے تحت مکمل پابندی عائد ہے۔
جاسوسی کے آلات کا استعمال اور خرید و فروخت جُرم قرار دیا گیا ہے۔ اجلاس میں گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف کیسز کیلئے بنائی گئی دو سو ستر جے آئی ٹیز کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔
کابینہ کمیٹی نے گیارہ اضلاع میں چالیس پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعیناتی کی منظوری دی۔ اجلاس میں اسی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ڈی نوٹیفائی بھی کیا گیا۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے امن و امان کے قیام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ معاون خصوصی رانا بلال احمد نے کہا کہ پولیس اور پراسیکیوشن مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی محمد علی نیکوکارہ سمیت متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔


