اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں سالانہ بیس فیصد سے زائد ترقی ہو رہی ہے اور حکومت وزیراعظم کے مقرر کردہ 25 ارب ڈالر کے برآمدی ہدف کے حصول پر گامزن ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کے روز اسلام آباد میں ہواوے گلوبل سروس سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ چوبیس کروڑ ملکی آبادی میں اٹھارہ فیصد نوجوان اور ورک فورس کا پچاس فیصد خواتین ہیں جن کی بنیاد پر ملک کا ڈیجیٹل سروسز سیکٹر عالمی مارکیٹس میں مسابقت کر رہا ہے۔ مزید برآں انہوں نے بتایا کہ صرف وفاقی دارالحکومت میں بیٹھ کر ڈھائی ہزار نوجوان انجینئرز دنیا کی ایک سو سے زائد بین الاقوامی مارکیٹس کے ٹیلی کام و آئی ٹی نیٹ ورکس چلا رہے ہیں۔


