لاہور (بیورو رپورٹ) وزیراعظم فیول سبسڈی سکیم پنجاب بھر میں کامیابی سے جاری ہے جس کے تحت اب تک 55 لاکھ افراد کو ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو نے ایک بیان میں بتایا کہ 44 لاکھ سے زائد مستحقین اس سکیم سے مستفید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کے 6420 پٹرول پمپس پر وزیراعظم فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے اور مختلف انسپکشن ٹیمیں پٹرول پمپس کے دورے کر رہی ہیں۔ پٹرول پمپس مالکان کو واضح احکامات دیے گئے ہیں کہ سبسڈی والا پٹرول دینے سے انکار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ افتخار علی سہو کا کہنا تھا کہ سکیم کو کامیاب بنانے کے لیے متعلقہ افسران متحرک ہیں اور عوام کی رہنمائی کے لیے تمام پٹرول پمپس پر ہیلپ ڈیسک موجود ہیں۔


